(ویب ڈیسک ) امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کیساتھ جنگ بندی ختم ہوچکی، آج رات ایران پر دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو کرین کا مستقبل بہت روشن ہے، میں نے کئی لڑائیاں رکوائیں، یو کرین جنگ بھی رکواؤں گا، یوکرینی صدر بہت فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ یوکرین میں ہمارا بھی مفاد ہے،جس میں معدنی وسائل شامل ہیں۔ ترکیہ میں نیٹو اجلاس بہت شاندار رہا، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شاندار کام کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کا رویہ بہت برا ہے، ایران نے کل جہازوں پر ڈرونز اور میزائل حملے کیے، گزشتہ رات ایران پر بڑے حملے کیے،آج رات بھی ممکنہ طور پر ایرانی اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران 47 برس سے مشرق وسطیٰ کا غنڈہ بنا ہوا ہے، میں ایرانیوں سے خوش نہیں ہوں، ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم ہو چکی ہے۔ ایران کے ساتھ ڈیل کا وقت ضیاع ہے۔ ایران میں رجیم چینج ہو چکی،ان کی قیادت کو ناک آؤٹ کر دیا، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایران کے پاس ایٹم بم ہوتا تو وہ استعمال کر چکے ہوتے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران مسلسل مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کر رہا ہے، معاہدے کے بغیر ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روک سکتے ہیں۔