دنیا کا مہنگا ترین برگر ، قیمت 11,000 ڈالر، صرف دعوت نامے پر دستیاب

دنیا کا مہنگا ترین برگر ، قیمت 11,000 ڈالر، صرف دعوت نامے پر دستیاب

(ویب ڈیسک ) برگر کی قیمتیں حالیہ برسوں میں کافی بڑھ گئی ہیں، لیکن یہ اب بھی زیادہ تر ریستورانوں میں سب سے سستا کھانے کا انتخاب سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، کچھ خاص مثالیں بھی موجود ہیں، جن میں سب سے نمایاں حال ہی میں 'دنیا کے مہنگے ترین برگر' کا اعزاز حاصل کرنے والا برگر ہے۔

 یہ خاص برگر اسپین کے شہر کابررا دل مار، کاتالونیا میں واقع باسکی کھانوں کے ریستوران اسادور آوپا (Asador Aupa)میں  پیش کیا جاتا ہے۔

یہ برگر مشہور ہسپانوی شیف اور فوڈ انفلوئنسر بوسکو خیمنیز المعروف بے دے وائکنگو کے ذہن کی اختراع ہے، جنہوں نے اسے تیار کرنے میں آٹھ سال کی تحقیق اور تجربہ کاری صرف کی۔ اس برگر کی صحیح ترکیب خفیہ رکھی گئی ہے، لیکن یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کی بھاری قیمت (€9,450 یا $11,000) صرف دکھاوے پر مبنی اجزاء جیسے سونے کے ورق کی وجہ سے نہیں، بلکہ اعلیٰ معیار، نایاب تجربے اور خصوصی رسائی کی بنیاد پر ہے۔

بے دے وائکنگو کا کہنا ہے کہ اس برگر کے پیچھے نظریہ سادہ تھا کہ "عیش و آرام کا شور نہیں ہونا چاہئے، یہ ناقابل رسائی ہونا چاہئے۔"

یہ برگر نہ صرف مہنگا ہے، بلکہ اسے خریدنے کے لیے پیسہ ہونا بھی کافی نہیں۔ اسے صرف ان افراد کو پیش کیا جاتا ہے جنہیں ریستوران کی طرف سے خاص طور پر دعوت دی جاتی ہے۔

ریستوران کی ویب سائٹ پر درج ہے کہ "یہ تجربہ صرف دعوت پر ممکن ہے۔ یہ مینو میں شامل نہیں۔ ریزرویشن ممکن نہیں۔ صرف ان افراد کو اس کا موقع ملتا ہے جنہیں منتخب کیا جائے۔"

اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ اس تجربے کا اہل ہے، تو وہ درخواست دے سکتا ہے، جسے بعد ازاں جانچنے کے بعد منظور یا مسترد کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دعوتوں کے معیار بھی خفیہ رکھے گئے ہیں، یعنی کسی کو یہ نہیں معلوم کہ منتخب ہونے کے لیے کن خصوصیات کا ہونا ضروری ہے۔ جو خوش نصیب اس فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں، انہیں ریستوران کے ایک نجی کمرے میں لے جایا جاتا ہے، جہاں چند دیگر مہمانوں کے ساتھ بیٹھا کر یہ شاہکار برگر پیش کیا جاتا ہے، جس میں

دنیا کے تین بہترین گوشت
یورپ کا سب سے نایاب پنیر
اور ایک خاص ساس شامل ہوتی ہے جو ایک قیمتی شراب سے تیار کی جاتی ہے۔
کیا یہ برگر واقعی اپنے €9,450 ($11,000) کی قیمت کا مستحق ہے؟ اس کے خالقین کا کہنا ہے: "یقیناً!"
لیکن جب اجزاء کی مکمل تفصیل دستیاب نہ ہو تو اس کا فیصلہ کرنا مشکل ہے۔
ایک بات طے ہے — اس قیمت میں تو ایک چھوٹی گاڑی بھی خریدی جا سکتی ہے!
یہ نیا برگر اپنے پیشرو، ‘گولڈن بوائے’ برگر کو بھی سستا محسوس کرواتا ہے۔

Watch Live Public News