ارشد ندیم والد ہ سے ملکر آبدیدہ ہو گئے

ارشد ندیم والد ہ سے ملکر آبدیدہ ہو گئے
کیپشن: ارشد ندیم والد ہ سے ملکر آبدیدہ ہو گئے

ویب ڈیسک: پیرس اولمپکس میں گولڈمیڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم  اپنے آبائی گھر پہنچنے  پر والدہ کے گلے لپیٹ کر آبدیدہ ہو گئے۔

 تفصیلات کے مطابق فخر پاکستان ارشد ندیم ایک بڑے قافلے کے ہمراہ اپنے آبائی گھر پہنچ گئے، اس موقع پر ان کی والدہ نے   بیٹے کے گلے میں ہار پہنا کر استقبال کیا۔

ارشد ندیم والدہ کے گلے لگ کر روتے رہے، ارشد ندیم کی گھر آمد پر بہنوں، بچوں اور دیگر رشتہ داروں نے بھی استقبال کیا اور پاکستانی ایتھیلیٹ کے گلے میں ہار پہنائے۔

قبل ازیں پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی وطن واپسی پر اپنے والد سے ملاقات کے جذباتی مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے۔

ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔

اس موقع پر کچھ جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے اور بظاہر ارشد کی آنکھیں نم تھیں۔

ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدور ہوں، اللہ کا کرم ہوگیا۔

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔