ارشدندیم بھی ہمارابچہ ہے،نیرج چوپڑاکی والدہ نےپاکستانیوں کےدل جیت لیے

ارشدندیم بھی ہمارابچہ ہے،نیرج چوپڑاکی والدہ نےپاکستانیوں کےدل جیت لیے
کیپشن: ارشدندیم بھی ہمارابچہ ہے،نیرج چوپڑاکی والدہ نےپاکستانیوں کےدل جیت لیے

ویب ڈیسک: پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر ہر پاکستانی نازاں ہے لیکن آپ اگر اسی جیولن تھرو ایونٹ میں سلور میڈل جیتنے والے بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی والدہ کے جذبات سے واقف ہوں تو آپ کی خوشی دوبالا ہوجائے گی۔

گزشتہ رات جیولن تھرو کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی نے جہاں اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا وہیں انہوں نے گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو بھی نہیں بھولیں۔

سروج دیوی نے ارشد ندیم کو اپنا لڑکا یعنی بیٹا کہتے ہوئے ان کی محنت کی تعریف کی۔ ’ہم بہت خوش ہیں، ہمیں تو سلور بھی گولڈ برابر لگ رہا ہے، جس کو گولڈ ( میڈل) ملا ہے وہ بھی ہمارا لڑکا ہے، ہر کوئی بہت محنت کرنے کے بعد وہاں جاتا ہے۔‘

نیرج چوپڑا کی والدہ نے بتایا کہ وہ سلور میڈلسٹ کے لیے چورما بنائیں گی جو اسے پسند ہے۔ ’اس نے ( نیرج چوپڑا) نے بہت اچھا کام کیا ہے اور ہم اس کی واپسی پر شاندار استقبال کریں گے، چونکہ اسے چورما پسند ہے، اس لیے ہم اس کے لیے وہی بنائیں گے۔‘

نیرج کے والد ستیش کمار نے اپنے بیٹے کی اولمپکس میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مردوں کے جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں پاکستان کا دن ہے، انہوں نے نیرج چوپڑا کی کارکردگی میں ان کی انجری کا بھی ذکر کیا۔

’ہر کسی کا اپنا دن ہوتا ہے، آج پاکستان کا دن تھا۔ لیکن ہم نے سلور میڈل جیتا ہے، اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے، مجھے لگتا ہے کہ اس (نیرج) کی کمر کی چوٹ نے اس کی کارکردگی کو متاثر کیا، لیکن پیرس اولمپکس میں نیرج کی کامیابی پر ہمیں خوشی اور فخر ہے، تمام نوجوان اس سے متاثر ہوں گے۔‘