ارشد ندیم پر انعامات کی بارش،اہم خبرآگئی

ارشد ندیم پر انعامات کی بارش،اہم خبرآگئی
کیپشن: ارشد ندیم پر انعامات کی بارش،اہم خبرآگئی

ویب ڈیسک: خوشی سے نہال قومی شخصیات، حکومتوں، اداروں اور شوبز ستاروں نے پاکستان کیلئے تاریخی کارنامہ انجام دینے پر ارشد ندیم کو مالامال کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم کی جانب سے پیرس اولمپکس میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کو چالیس سال بعد اولمپک گولڈ میڈل دلوانے پر پوری قوم خوشی سے نہال ہے۔

ارشد ندیم کے اس کارنامے پر جہاں دنیا بھر میں ان کی تعریف و تحسین کی جا رہی ہے، وہاں پاکستان میں مختلف اداروں، حکومتوں اور اہم شخصیات کی جانب سے ان کیلئے انعامات کے اعلان کا سلسلہ جاری ہے۔

مریم نواز نے پاکستان کے جیولین تھرو کے لیجنڈ ارشد ندیم کے لئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈیل جیت کر قوم کو تحفہ دیا،قوم کی طرف سے ارشد ندیم کو انعام دے کر اُن کا شکریہ ادا کررہے ہیں،وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے ارشد ندیم کے نام سے منسوب سپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کردیا۔

مریم نواز نے کہا کہ میاں چنوں میں ارشد ندیم سپورٹس سٹی بنے گا، ارشد ندیم نے تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے 40 سال بعد پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتا،اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنانا ارشد ندیم کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے،پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کرنے والے ہر بیٹے اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ ہمیشہ سربلند رکھے۔

ارشد ندیم کی جانب سے کارنامہ سر انجام دیے جانے کے بعد سندھ حکومت نے ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا۔

سندھ حکومت کے بعد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بھی آگے بڑھے اور انہوں  نے بھی اپنی طرف سے جیولن تھرور کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔

سکھر کے میئر اور پی پی رہنما ارسلام اسلام شیخ نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنانے کے ساتھ سکھر کے زیر تعمیر اسٹیڈیم کو ارشد ندیم کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ادھر شوبز شخصیات میں سے نامور گلو کار علی ظفر نے بھی خوش ہوکر ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے انعام کے طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔

ارشد ندیم کو خوشی سے نہال قوم کے مختلف افراد، اداروں اور تنظیموں و شخصیات کی جانب سے مالامال کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے قومی ہیرو   ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی وطن واپسی پر ان کو گورنر ہاؤس لاہور مدعو کیا جائے گا۔ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں    118 سالہ جیولن تھرو کا ریکارڈ توڑ کر تاریخ رقم کی۔سبز ہلالی پرچم کو دنیا میں بلند کرنے والے قومی ہیرو کو جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ ارشد ندیم  نے محنت، لگن اور ہمت سے  اولمپکس میں گولڈ میڈل  جیت کر نوجوانوں کے لیے مثال قائم کی۔