امریکی شہریت کے خواہشمندوں  کیلئے خوشخبری ، ٹرمپ کا بڑا اعلان 

امریکی شہریت کے خواہشمندوں  کیلئے خوشخبری ، ٹرمپ کا بڑا اعلان 

(ویب ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکیوں کیلئے شہریت کے حصول کا نیا راستہ کھول دیا ہے۔امریکی صدر نے 10 لاکھ ڈالر مالیت کے ’ گولڈ کارڈ‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے بتایا کہ وعدے کے مطابق ’’ گولڈ کارڈ‘‘ اب فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ اس کارڈ کے ذریعے وہ افراد جو 10 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کریں گے، یا وہ کمپنیاں جو فی غیر ملکی ملازم 20 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کریں گی، انہیں قانونی رہائش اور بعد ازاں امریکی شہریت کا راستہ فراہم کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ کارڈ بنیادی طور پر گرین کارڈ کی طرح ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ طاقتور، مضبوط اور موثر راستہ سمجھا جا رہا ہے، جو مستقل رہائش اور شہریت دونوں کے حصول میں مددگار ہوگا۔

گولڈ کارڈ کی درخواستوں کے لیے ویب سائٹ گزشتہ روز فعال ہوئی، اس وقت جب ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے روزویلٹ روم میں کاروباری رہنماؤں کے سامنے اس پروگرام کا افتتاح کیا۔

یہ نیا منصوبہ سابقہ EB-5 ویزا پروگرام کی جگہ لے گا، جسے 1990 میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا اور جس کے تحت تقریباً 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری اور کم از کم 10 ملازمتیں فراہم کرنے کی شرط رکھی گئی تھی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اس نئے ویزا پروگرام کو امریکا کے لیے بہترین عالمی ٹیلنٹ کو متوجہ کرنے اور برقرار رکھنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا ہے، ساتھ ہی اسے وفاقی خزانے کے لیے اہم آمدنی کا ذریعہ بھی بتایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گولڈ کارڈ کی قیمت پہلے 50 لاکھ ڈالر تک تجویز کی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے کم کرکے 10 لاکھ اور 20 لاکھ ڈالر کے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ ان کے مطابق اس پروگرام سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی براہِ راست امریکی حکومت کے پاس جائے گی۔

ٹرمپ نے توقع ظاہر کی کہ اس اسکیم کے ذریعے اربوں ڈالر محکمہ خزانہ کے کھاتوں میں جمع ہوں گے، جنہیں ملک کے مفاد میں خرچ کیا جائے گا۔

Watch Live Public News