ویب ڈیسک: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں درخواست گزار وہی 5 افراد ہیں جنہوں نے کسی بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر پیش ہوئے اور الیکشن کمیشن سے کچھ مہلت دینے کی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزار پہلے اپنے دلائل مکمل کرلیں،اس کے بعد ہم بھی تفصیل سے دلائل دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کچھ وقت دیا جائے تاکہ ہمیں درکار دستاویزات بھی مل سکیں۔
بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی انٹر پارٹی انتخابات کیس کی سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کی میڈیا ٹاک
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے ہمارا سارا ریکارڈ لے گئی تھی، تاہم ہم نے الیکشن سے پہلے تاریخ دی تھی اور تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والوں نے خود تسلیم کیا کہ انہیں لیول پلئینگ فیلڈ ملی، ہم نے اپنے الیکشن کرانے سے پہلے اخبار میں تاریخ دی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ درخواست گزار وہی 5 افراد ہیں جنہوں نے کسی بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے اکبر ایس بابر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے شخص کے ساتھی ہیں جسے پارٹی نے پہلے ہی نکال دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بعد جن جماعتوں نے پارٹی الیکشن کروائے انہیں کلیرنس سرٹیفیکیٹ مل گیا، ہمیں ابھی تک الیکشن کمیشن کلیرنس سرٹیفیکیٹ نہیں ملا۔
اکبر ایس بابر کی میڈیا ٹاک
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشنز کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری درخواست پر تا حال پی ٹی آئی نے تحریری جواب جمع نہیں کروایا،بیرسٹر گوہر نے آج الیکشن کمیشن کے ساتھ غلط بیانی کی،پی ٹی آئی والے تاریخ پر تاریخ لے رہے ہیں اور اپنے مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں،پی ٹی آئی کی خود ساختہ قیادت کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ پارٹی کا مستقبل کیا ہوتا ہے،یہ لوگ عادی مجرم ہیں، بار بار جعلی انٹرا پارٹی انتخابات کرواتے ہیں۔