ویب ڈیسک: بنگلہ دیش میں قومی اسمبلی کے انتخابات میں ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں آج بروز جمعرات قومی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، جس میں 12 کروڑ 70 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے ووٹ ڈالنے کی توقع ہے۔ ملک کے 300 میں سے 299 پارلیمانی حلقوں میں رائے شماری ہو رہی ہے جبکہ ایک حلقے میں امیدوار کے انتقال کے باعث انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر کے 42 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر صبح ساڑھے سات بجے ووٹنگ کا آغاز ہوا جو شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹنگ کے اختتام کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی جائے گی۔
دارالحکومت ڈھاکہ کے مختلف علاقوں میں ووٹنگ سے ایک روز قبل ہی شہریوں کی بڑی تعداد پولنگ مراکز کے باہر موجود دیکھی گئی۔ خاص طور پر نوجوان ووٹرز پہلی مرتبہ انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 299 حلقوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 28 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 50 سیاسی جماعتوں کے نامزد امیدواروں کے علاوہ آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 151 نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو "جین زی انقلاب" کے دوران اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ ملک چھوڑ کر بھارت منتقل ہو گئی تھیں۔ موجودہ انتخابات کو ملکی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔