ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی الیکٹرانکس پر عائد کیے گئے 145 فیصد ٹیرف ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے چین سے درآمد کی جانے والی الیکٹرانک اشیاء پر 145 فیصد ٹیرف ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز، ہارڈ ڈرائیوز، پروسیسرز اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہیں۔
یہ فیصلہ امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کیا گیا۔ ان اشیاء پر اضافی ٹیرف عائد کیا جانا تھا، جو چین کے خلاف ٹرمپ کی ’ریسی پروکل‘ تجارتی پالیسی کا حصہ تھا۔
یہ ٹیرف چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا باعث بن رہا تھا، جس سے امریکی صارفین پر مہنگائی کا بوجھ بڑھ گیا تھا۔ اب یہ فیصلہ عام امریکی صارف کو ریلیف دینے اور مارکیٹ کو متوازن کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ٹیکنالوجی مارکیٹ میں استحکام آئے گا اور صارفین کو قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے کو ملے گی۔