ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ ہفتے غزہ میں ممکنہ جنگ بندی کی امید ظاہر کی ہے جبکہ معاشی کامیابیوں اور روس سے متعلق تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے گزشتہ ماہ ٹیرف سے 25 ارب ڈالر کمائے اور توقع ہے کہ اگلے ماہ یہ آمدنی کئی گنا بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی اعداد و شمار مثبت ہیں اور امریکی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل سسٹم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا، جسے روس کے خلاف اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’وہ بہت خوبصورت باتیں کرتا ہے لیکن سب پر بمباری بھی کرتا ہے۔‘‘
ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ روس پر مزید سختی کے حوالے سے وہ جمعے کو تفصیلی گفتگو کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ہتھیار ایک نئے معاہدے کے تحت یوکرین کو بھیجے جائیں گے، جس کے تحت نیٹو کچھ ہتھیاروں کی قیمت امریکا کو دے گا۔
تاہم ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ یوکرین کو کتنے سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، حالانکہ صرف 2 ہفتے قبل امریکا نے یوکرین کو کچھ اسلحہ فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی تھی۔