(ویب ڈیسک ) پاکستان نے امریکا کو بغیر کسی تجارتی ٹیرف کے دو طرفہ تجارتی معاہدے کی پیشکش کردی۔ پاکستان نے تجویز دی کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تجارتی شعبوں پر زیرو ٹیرف کے تحت دوطرفہ معاہدہ کریں۔
ذرائع وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ معاہدے کا مقصد دوطرفہ تجارت کو وسعت دینا ہے۔امریکی صدر کے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانےکے جواب میں پاکستان نے تجویز دی ۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق پاکستان منتخب ٹیرف لائنز پر زیرو ٹیرف کے ساتھ باہمی مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ معاہدہ چاہتا ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو توسیع دینا چاہتا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پیشکش امریکی صدرکی طرف سے پاک بھارت فائر بندی کا معاہدہ کرنے کے بعد کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ جنگ بندی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ دونوں ملکوں کے ساتھ ’بہت سی تجارت‘ کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ متعدد ممالک پر بھاری جوابی ٹیرف عائد کیا تھا۔