ویب ڈیسک: وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے کسی بھی ممکنہ اقدام کو خارج از امکان قرار نہیں دیا اور صورتحال پر مسلسل گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کی موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور ایران سے متعلق تمام آپشنز بدستور کھلے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایران میں مظاہرین کی ہلاکتوں کے تسلسل پر صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے تہران کو سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات کے باعث ایران میں 800 افراد کو سزائے موت سے بچایا گیا جبکہ ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کا عمل بھی جاری ہے۔
دوسری جانب برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر نے ایران پر ممکنہ حملے سے متعلق اپنا فیصلہ تبدیل کیا ہے، جس میں خلیجی ممالک کی سفارتی کوششوں نے اہم کردار ادا کیا۔