اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانے کا سوچےبھی نہیں، نائب وزیر اعظم 

اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانے کا سوچےبھی نہیں، نائب وزیر اعظم 

(ویب ڈیسک ) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانے کا سوچےبھی نہیں، پاکستان اتنا مضبوط ہے کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دےسکتاہے۔

اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ سے متعلق کل ایک کلپ چل رہا تھا بعد میں معلوم ہوا کہ مصنوعی ذہانت سے بنایا گیا ہے۔ 13 جون کے بعدکئی جعلی خبریں سامنے آئیں،ایسی صورتحال میں سب کو خیال رکھنا چاہیے، ہمیں احتیاط کرنا ہوگی بہت غلط اور گمراہ کن خبریں پھیل رہی ہیں، فیک نیوز کے حوالے سے ہمیں چیزوں کو کلیئر کرنا چاہیے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ   جنگ کوئی مذاق نہیں ہے، ہمارا نیوکلیئر اور میزائل پروگرام ہماری اپنی حفاظت کے لیے ہے، بھارت کچھ کرےگا تو پہلے سے زیادہ جواب ملےگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ   پاکستان  یواین سکیورٹی کونسل کا ممبر ہے تو ہم نے صورتحال پر یو این سکیورٹی کونسل کی میٹنگ سے متعلق اپنا کردار ادا کیا، ایران نے اس حوالے سے پاکستان کا شکریہ ادا کیا، ایران کے وزیر خارجہ نے مذاکرات میں مسلسل میرے ساتھ رابطہ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ  میں نے ایران کے وزیر خارجہ سے پہلے حملےکے بعد بات کی تو انہوں نےکہا کہ اس کا تو ہم جواب دیں گے لیکن اس کے بعد اگر اسرائیل نے دوبارہ حملہ نہ کیا تو مذاکرات کی میز پر آنےکو تیار ہیں، اب بھی وقت ہے اسرائیل کو روکا جائے تو ایران تیار ہے، ہم نے کہا کہ مذاکرات میں ہم ان کی سہولت کاری کریں گے۔

Watch Live Public News