ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے شہریوں کو سم کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو اپنی سم سے متعلق اہم خبرداریاں جاری کی ہیں۔ پی ٹی اے نے کہا ہے کہ اگر آپ اپنی سم کسی دوسرے شخص کو دے دیتے ہیں تو یہ نہ صرف ایک قانونی جرم ہے بلکہ اس سم کے ذریعے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یہ چیک کریں کہ ان کے شناختی کارڈ پر کتنی سمیں رجسٹرڈ ہیں۔ اگر آپ کو معلوم ہو کہ آپ کی شناختی معلومات پر کوئی غیر مجاز سم بھی رجسٹرڈ ہے، تو فوراً اس کو بلاک کروائیں۔
سم چیک کرنے کے لیے آپ کو صرف اپنے شناختی کارڈ کا نمبر 668 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا، جس کے بعد آپ کو اس حوالے سے مکمل معلومات مل جائیں گی۔
مزید برآں، پی ٹی اے نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ نئی سم صرف معتبر اور قانونی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے ہی حاصل کریں۔ اس حوالے سے کسی بھی مدد کے لیے ٹول فری نمبر 0800-55055 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
