موبائل فون کے خریدار ہوشیار! پی ٹی اے نے نئی ہدایت جاری کر دی

موبائل فون کے خریدار ہوشیار! پی ٹی اے نے نئی ہدایت جاری کر دی
کیپشن: موبائل فون کے خریدار ہوشیار! پی ٹی اے نے نئی ہدایت جاری کر دی

ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے موبائل فون خریدنے والے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ یا غیر قانونی طور پر درآمد کیے گئے موبائل فونز کسی بھی وقت بند ہو سکتے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق غیر منظور شدہ موبائل ڈیوائسز کو "ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم" (DIRBS) کے تحت خودکار طور پر بلاک کر دیا جاتا ہے، جس کے بعد صارفین موبائل نیٹ ورک سروسز سے محروم ہو جاتے ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ DIRBS نظام کا مقصد اسمگلنگ، فراڈ اور غیر قانونی موبائل فونز کی خرید و فروخت کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ملک میں صرف قانونی اور رجسٹرڈ ڈیوائسز کے استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ موبائل فون خریدنے سے قبل اس کا آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبر ضرور چیک کریں اور تصدیق کریں کہ ڈیوائس پی ٹی اے سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرونِ ملک سے لائے گئے موبائل فونز کو استعمال کے لیے ایف بی آر کے مقررہ ٹیکس کی ادائیگی کے بعد پی ٹی اے سے رجسٹر کروانا ضروری ہے، بصورت دیگر ڈیوائس بلاک ہو سکتی ہے۔

پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ موبائل فون خریدتے وقت احتیاط برتیں اور صرف قانونی و رجسٹرڈ ڈیوائسز کا انتخاب کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News