دنیا میں پہلی بار ارب پتی افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی، آکسفیم رپورٹ

دنیا میں پہلی بار ارب پتی افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی، آکسفیم رپورٹ
کیپشن: دنیا میں پہلی بار ارب پتی افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی، آکسفیم رپورٹ

ویب ڈیسک: عالمی فلاحی ادارے آکسفیم کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2025 میں ارب پتیوں کی مجموعی دولت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جبکہ دنیا میں پہلی بار ارب پتی افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس فہرست میں سرفہرست ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے 12 امیر ترین افراد کے پاس دنیا کی غریب ترین نصف آبادی، یعنی چار ارب سے زائد افراد سے بھی زیادہ دولت موجود ہے۔

آکسفیم کے مطابق ارب پتیوں کی مجموعی دولت میں 16.2 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو بڑھ کر 18.3 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی گئی ہے، جن میں ضابطوں میں نرمی اور کارپوریٹ ٹیکس سے متعلق عالمی معاہدوں کو کمزور کرنا شامل ہے۔ آکسفیم کے مطابق ان اقدامات سے دنیا کے امیر ترین طبقے کو فائدہ پہنچا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری سیاسی عدم استحکام کو جنم دے رہی ہے، کیونکہ دولت کے ذریعے سیاسی طاقت اور میڈیا پر اثر و رسوخ حاصل کیا جا رہا ہے۔

آکسفیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امیتابھ بیہر کے مطابق، ’’امیر اور غریب کے درمیان بڑھتا ہوا فرق سیاسی آزادیوں کو کمزور اور عوامی حقوق کو نقصان پہنچا رہا ہے۔‘‘

Watch Live Public News