وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفونک گفتگو، بڑے فیصلے

وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفونک گفتگو، بڑے فیصلے

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفونک گفتگو، وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی دلیرانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران قیام امن کے لئے سیکریٹری روبیو کی فعال ڈپلومیسی کو سراہا۔

وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی پاکستان کے بارے میں مثبت رائے کی پذیرائی کی، وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں امن پاکستان اور بھارت کے درمیان با معنی مذاکرات سے ہی ممکن ہے،وزیراعظم نے جموں وکشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بھارت کے ساتھ بات کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔

ٹیلیفونک رابطے میں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے کشیدگی کے پر امن حل پر زور دیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعے کے حل کے لئے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے،وزیراعظم نے تجارت سمیت باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو دوہرایا،وزیراعظم نے خصوصی طور پر بی ایل اے، ٹی ٹی پی جیسی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قومی عزم کا اعادہ کیا۔ 

وزیراعظم نے امریکی صدر اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان تعمیری ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں کا دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کو بامعنی اشتراک میں تبدیل کرنے پر اتفاق ہوا، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان متواتر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا، وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سیکریٹری روبیو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

سیکریٹری روبیو نے پاکستان کے ساتھ باہمی اشتراک کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، سیکرٹری روبیو نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ حالیہ سیز فائر پر عملدرآمد کو سراہا۔
ٹیلیفونک رابطے میں ایران اسرائیل موجودہ تنازعے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، سیکریٹری روبیو نے ایران کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات کے تناظر میں تنازعے کے حل پر زور دیا۔

سیکریٹری روبیو کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ علاقائی امن اور استحکام کے لئے مل کر کام کرے گا۔ 

Watch Live Public News