(ویب ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) کی جانب سے پنجاب بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول معطل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے شیڈول معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی نئی چار ہفتوں کی مہلت کے باعث شیڈول معطل کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر دستخط کر دیے تھے۔ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 منظوری کے بعد گورنر پنجاب کو ارسال کیا تھا،۔
یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کروانے کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔