بالی ووڈ کے 2 سپرسٹارز کی فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

بالی ووڈ کے 2 سپرسٹارز کی فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل
کیپشن: Fake videos of 2 Bollywood superstars go viral on social media

ویب ڈیسک: انڈیا میں حالیہ الیکشن کے دوران بالی ووڈ کے دو سپر سٹارز کی فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ہیں جن میں وہ وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے لوگوں کو اپوزیشن جماعت کانگرس کے حق میں ووٹ دینے کے لیے کہہ رہے ہیں۔

بین الاقومی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار عامر خان کی ویڈیو 30 سیکنڈز جبکہ رنویر سنگھ کی ویڈیو 41 سیکنڈز پر مشتمل ہے۔

فیک ویڈیوز میں دونوں اداکاروں سے منسوب آوازیں کہہ رہی ہیں کہ وزیراعظم مودی گزشتہ انتخابات میں کیے گئے وعدے نبھانے میں ناکام رہے جبکہ ان کے گزشتہ دو ادوار میں وہ مودی سنگین معاشی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے۔

مصنوعی ذہانت یا اے آئی سے تیار کردہ دونوں ویڈیوز کانگریس کے انتخابی نشان اور نعرے کے ساتھ ختم ہوتی ہیں جن میں کہا جاتا ہے کہ ’ووٹ فار جسٹس، ووٹ فار کانگریس۔‘

تاہم ویڈیوز کے جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں ویڈیوز کو گزشتہ ہفتے سے اب تک سوشل میڈیا پر نصف ملین سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔

ان کا پھیلاؤ اُس ممکنہ کردار کی نشاندہی کرتا ہے جو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد جون تک جاری رہنے والے انڈین انتخابات میں ادا کر سکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت اور اس سے تیار کردہ جعلی یا ڈیپ فیکس، امریکہ، پاکستان اور انڈونیشیا سمیت دنیا بھر میں انتخابات میں تیزی سے استعمال ہو رہے ہیں۔

انڈیا میں سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کے دوران گھر گھر جا کر عوامی ریلیوں پر توجہ مرکوز کی ہے، لیکن انتخابی مہم کے ٹولز کے طور پر واٹس ایپ اور فیس بک کا وسیع استعمال سنہ 2019 میں شروع ہوا۔ لیکن مصنوعی ذہانت کا استعمال پہلی بار ہو رہا ہے۔

رواں برس جاری عام انتخابات میں وزیراعظم مودی کے تیسری بار غیرمعمولی کامیابی حاصل کرنے کی توقع ہے۔

کانگریس کی ترجمان سجتا پال نے 17 اپریل کو ایکس پر اداکار رنویر سنگھ کی ویڈیو اپنے 16فالوورز کے ساتھ شیئر کی اور سنیچر کی دوپہر تک ان کی پوسٹ کو 2900 بار دوبارہ شیئر کیا گیا، 8700 بار لائیک کیا گیا اور چار لاکھ 38 ہزار ویوز ملے۔

دونوں اداکاروں نے کہا ہے کہ یہ ویڈیوز جعلی ہیں۔

دونوں اداکاروں کے ترجمان کے مطابق عامر خان وائرل ’فیک‘ ویڈیو سے ’خبردار‘ ہو گئے تھے اور رنویر سنگھ کی ٹیم اس معاملے کو دیکھ رہی تھی۔