عروب جتوئی وائرل ویڈیو، معلومات دینے والے کو 10 لاکھ کے انعام کا اعلان

عروب جتوئی وائرل ویڈیو، معلومات دینے والے کو 10 لاکھ کے انعام کا اعلان
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: وی لاگر ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی سوشل میڈیا پر ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی نے ویڈیو بنانے والے شخص کی معلومات فراہم کرنے والے کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے مطابق ان کی اہلیہ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یوٹیوب پر نازیبا ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی ہے۔

وی لاگر نے یوٹیوب پر 6 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کرکے اپیل کی کہ اس ویڈیو پر کوئی یقین نہ کرے کیونکہ وہ ویڈیو اصلی نہیں ہے بلکہ جعلی ہے۔

سعد الرحمٰن نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اس طرح کی ویڈیو پوسٹ کرنے کا سوچیں گے اور بہت دکھ کے ساتھ یہ ویڈیو ریکارڈ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ روز قبل کسی نے ان کی اہلیہ کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیپ فیک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ ان کی اہلیہ کی عزت کا تماشا بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ وضاحتی ویڈیو بنانے پر مجبور ہوئے ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈیپ فیک ویڈیو لیک ہونے سے پہلے انہیں اور ان کی اہلیہ کو دھمکیاں موصول ہورہی تھیں لیکن انہوں نےان دھمکیوں کو نظر انداز کردیا۔

وی لاگر نے کہا کہ سب سے پہلے ان کے فینز نے انہیں بتایا کہ ان کی اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جس پر انہیں وضاحتی بیان دینا چاہیے۔

اس دوران ڈکی بھائی نے اپنی اہلیہ کی وائرل ہونے والی ڈیپ فیک ویڈیو بھی دکھائی جو اے آئی کی مدد سے بنائی گئی تھی۔

سعد الرحمٰن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عروب جتوئی کی جو ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہورہی ہے اس کا معیار بہت خراب ہے، ایسا لگتا ہے کہ جیسے اسے عام موبائل فون سے ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ویڈیو کو ڈیپ فیک سمجھنا مشکل ہوسکتا ہے۔

Watch Live Public News