ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے ممبئی میں واقع گھر سے تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات مبینہ طور پر چوری ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چرچ گیٹ کے علاقے میں واقع اداکارہ کے گھر میں ان کے والدین رہائش پذیر ہیں۔ ممبئی پولیس نے مبینہ چوری کے الزام میں 40 سالہ گھریلو ملازمہ سیما گھاٹے کو گرفتار کرلیا ہے، جو گزشتہ ڈیڑھ سال سے گھر میں کام کر رہی تھی۔
پولیس کے مطابق اداکارہ کی والدہ آشا پٹیل کی شکایت پر میرین ڈرائیو پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔ آشا پٹیل کو ملازمہ پر زیورات چوری کرنے کا شبہ تھا اور وہ کئی ماہ تک زیورات واپس کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں۔
زیورات واپس نہ ملنے پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد ملزمہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے سیما گھاٹے کو 15 ستمبر تک پولیس ریمانڈ پر دے دیا۔