کیا اگلا پوپ پاکستانی ہو سکتا ہے؟ جانیئے اہم تفصیلات

کیا اگلا پوپ پاکستانی ہو سکتا ہے؟ جانیئے اہم تفصیلات

(ویب ڈیسک )رومن کیتھولک چرچ کے موجودہ سربراہ، پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے بعد نئے پوپ کے انتخاب کے لیے اگلے 15 سے 20 دنوں میں ایک خاص اجلاس، جسے 'کونکلیو' کہا جاتا ہے، منعقد ہو گا۔ اس اجلاس میں دنیا بھر سے منتخب کارڈینلز (اعلیٰ مذہبی رہنما) حصہ لیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار پاکستان کے دوسرے کارڈینل، ' جوزف کاؤٹس' بھی اس انتخابی عمل میں شامل ہوں گے۔ اگر وہ منتخب ہو گئے تو وہ نہ صرف پہلے پاکستانی پوپ ہوں گے بلکہ پورے جنوبی ایشیا سے منتخب ہونے والے پہلے پوپ کا اعزاز بھی حاصل کریں گے۔

جوزف کاؤٹس کون ہیں؟

کارڈینل جوزف کاؤٹس 21 جولائی 1945 کو پیدا ہوئے، یعنی وہ اس وقت تقریباً 80 سال کے ہیں، جو پوپ کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے ضروری عمر کی حد کے اندر آتے ہیں۔ کیتھولک چرچ کے قوانین کے مطابق صرف وہی کارڈینلز ووٹ ڈال سکتے ہیں جن کی عمر 80 سال سے کم ہو۔

انتخابی عمل کیسے ہوتا ہے؟

پوپ کے انتخاب کا عمل نہایت خفیہ اور منظم ہوتا ہے۔ تمام کارڈینلز روم میں واقع تاریخی 'سسٹین چیپل' میں جمع ہوتے ہیں جہاں مائیکل اینجلو کی مشہور پینٹنگز کی موجودگی میں یہ اجلاس منعقد ہوتا ہے۔ اجلاس کے دوران کارڈینلز کا بیرونی دنیا سے رابطہ مکمل طور پر منقطع کر دیا جاتا ہے۔ فون، اخبارات، اور دیگر ذرائع پر پابندی ہوتی ہے ۔

فی الحال تقریباً 250 کارڈینلز موجود ہیں، لیکن صرف 135 ایسے کارڈینلز ہیں جو ووٹ دینے کے اہل ہیں۔

روزانہ چار مرتبہ ووٹنگ ہوتی ہے، دو بار صبح اور دو بار شام۔ ہر ووٹ کے بعد بیلٹ پیپرز کو جلایا جاتا ہے۔ اگر کوئی پوپ منتخب نہیں ہوتا تو کالے دھوئیں کا اخراج کیا جاتا ہے، جبکہ سفید دھواں نئے پوپ کے انتخاب کی علامت ہوتا ہے۔

دو تہائی اکثریت ضروری:

نئے پوپ کے انتخاب کے لیے کسی بھی امیدوار کو دو تہائی اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ یہ عمل اُس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک ایک امیدوار دو تہائی ووٹ حاصل نہ کر لے۔

نمایاں امیدوار:

اس بار پوپ کے عہدے کے لیے کئی نمایاں نام سامنے آ رہے ہیں جن میں اٹلی کے پیٹرو پارولن، فلپائن کے لوئس انتونیو، گھانا کے پیٹر ٹرکسن، ہنگری کے پیٹر ایرڈو، اٹلی کے متیئو زُپی، پرتگال کے جوزے تولینٹینو، اور مالٹا کے ماریو گریخ شامل ہیں۔

کیا پاکستانی پوپ ممکن ہے؟

اگرچہ تاریخی طور پر زیادہ تر یورپی کارڈینلز کو پوپ منتخب کیا جاتا رہا ہے، لیکن پوپ فرانسس اس روایت سے ہٹ کر لاطینی امریکہ سے منتخب ہوئے تھے۔ اس لیے کارڈینل جوزف کاؤٹس کے انتخاب کو یکسر نظرانداز بھی نہیں کیا جا سکتا۔

اگر وہ منتخب ہو گئے تو یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے ایشیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔

Watch Live Public News