مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کی وہ پاکستان کی مدد کیلئے آگے بڑھیں جہاں تباہ کن سیلاب سے ایک ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ پوپ فرانسس نے پاکستان کے ساتھ ’’فوری اور فیاضانہ بین الاقوامی یکجہتی‘‘ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے لیے دعاگو ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق انھوں نے یہ بیان اٹلی کے وسطی شہر لاعقیلا کے دورے کے موقع پر جاری کیا ہے۔ یہ شہر 2009 میں زلزلے سے متاثر ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پوپ فرانسس نے لاعقیلا کے پرعُزم اور پُروقار لوگوں کی تعریف کی۔ پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ آفت کا نشانہ بننے والی اس جگہ پر وہ پاکستانی عوام کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ شدید سیلاب سے متاثر ہونے والے پاکستان کے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ان کے قریب ہیں۔ مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ میں ان لاتعداد متاثرین، زخمیوں اور بے گھر ہونے والوں کے لیے دعاگو ہوں۔ عالمی برادری کی سخاوت اور فوری یکجہتی کے لیے دعا کرتا ہوں۔