(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جو بھی پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرے گا، وہ پاکستان کے ساتھ غداری کرے گا۔
لاہور میں منعقدہ ’دفاعِ پاکستان و تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پاکستان کا دفاع، سلامتی اور استحکام شہداء کے مقدس خون اور غازیوں کی عظیم جدوجہد سے مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد ہمارے دشمنوں نے نئے وار شروع کر دیے ہیں، لیکن ان شاء اللہ انہیں ہر محاذ پر ناکامی ہوگی۔ فتنۂ خوارج اور فتنۂ ہندوستان، اسرائیل اور بھارت کی ایما پر پاکستان کے خلاف جو کچھ بھی کر رہے ہیں، انہیں بالآخر ہر محاذ پر ناکام و نامراد ہونا پڑے گا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی نے تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے پاکستان کی تاریخ میں وحدت، اتحاد اور قومی یکجہتی کا عظیم مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ایک تاریخی عمل ہے جس نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کے تمام مکاتبِ فکر اور تمام مذاہب وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محراب و منبر پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ قوم، افواجِ پاکستان، سلامتی کے اداروں اور محراب و منبر کی یہ باہمی وحدت دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ پاکستان کی قوم اور فوج متحد ہیں، اور یہی وحدت پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کی سب سے بڑی قوت ہے۔