ایران جنگ کے بعد صدر ٹرمپ مشکل صورت حال میں پھنس چکے ہیں، سابق امریکی سیکرٹری دفاع

ایران جنگ کے بعد صدر ٹرمپ مشکل صورت حال میں پھنس چکے ہیں، سابق امریکی سیکرٹری دفاع
کیپشن: ایران جنگ کے بعد صدر ٹرمپ مشکل صورت حال میں پھنس چکے ہیں، سابق امریکی سیکرٹری دفاع

ویب ڈیسک: سابق امریکی سیکرٹری دفاع اور سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تین ہفتوں سے جاری کشیدگی کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشکل صورت حال میں پھنس چکے ہیں۔

برطانوی میڈیا سے گفتگو میں پنیٹا نے ٹرمپ کی جنگی حکمت عملی کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹھوس منصوبہ بندی کے بجائے ’خیالی سوچ‘ پر انحصار کر رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کے بیانات خود بخود حقیقت بن جائیں گے۔

انہوں نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کو ایک بڑی غلطی قرار دیا، جس سے سخت مؤقف رکھنے والی قیادت سامنے آئی۔ پنیٹا نے امریکی انتظامیہ پر تنقید کی کہ انہوں نے ایران کے ممکنہ اقدامات، خاص طور پر آبنائے ہرمز بند ہونے کی پیشگی تیاری نہیں کی، جس سے عالمی تیل بحران کا خطرہ بڑھ گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب امریکا کے پاس صرف یہی راستہ بچا ہے کہ ایرانی ساحلی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا جائے تاکہ تیل بردار جہازوں کو راستہ مل سکے، جس سے جنگ میں شدت اور جانی نقصان کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

پنیٹا نے موجودہ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو بھی صدر کے محض حامی قرار دیا اور امریکی حملوں اور جنگی ویڈیوز کے تشہیری استعمال کو غیر مہذب عمل قرار دیا۔ انہوں نے ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر امریکی حملے پر ٹرمپ کی جانب سے معافی نہ مانگنے کو عالمی سطح پر امریکا کے منفی تاثر کو مزید تقویت دینے والا کہا۔

Watch Live Public News