چینی شخص نے 33 گھنٹے مسلسل میٹرس پر لیٹ کر ‘لائنگ فلیٹ’ مقابلہ جیت لیا

چینی شخص نے 33 گھنٹے مسلسل میٹرس پر لیٹ کر ‘لائنگ فلیٹ’ مقابلہ جیت لیا

(ویب ڈیسک)ایک چینی شخص نے ایک غیر معمولی ‘ لائنگ فلیٹ’ مقابلہ جیت لیا، جس میں شرکاء کو ممکنہ حد تک زیادہ وقت تک میٹرس پر لیٹے رہنا تھا، یہاں تک کہ وہ بیت الخلا بھی نہیں جا سکتے تھے۔

15 نومبر کو، چین کے صوبے اندرونی منگولیا کے شہر باوٹو کے ایک شاپنگ سینٹر میں 240 لوگ جمع ہوئے تاکہ ‘ لائنگ فلیٹ’ تحریک سے متاثر ایک منفرد مقابلے میں حصہ لے سکیں۔ “ لائنگ فلیٹچین کی مین لینڈ میں مشہور انٹرنیٹ سلانگ ہے جس کا مطلب ہے سماجی توقعات کی دوڑ سے کنارہ کشی اختیار کرنا، آرام کرنا اور کم از کم معیارِ زندگی پر اکتفا کرنا۔

مقابلے کے اصول کافی آسان تھے: شرکاء کو میٹرس پر سیدھا لیٹے رہنا تھا، اور اگرچہ وہ میٹرس پر کروٹیں بدل سکتے تھے، کتابیں پڑھ سکتے تھے، کھا سکتے تھے یا اسمارٹ فون استعمال کر سکتے تھے، لیکن وہ میٹرس سے اٹھ نہیں سکتے تھے اور نہ ہی بیت الخلا جا سکتے تھے۔ جو شخص آکر تک لیٹے رہنے میں کامیاب رہتا، اسے فاتح قرار دیا جاتا۔

اگرچہ مقابلے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں تھا، پہلے 24 گھنٹوں میں ہی 186 شرکاء باہر ہو گئے۔ باقی رہنے والوں نے آہستہ آہستہ سخت تر اصولوں پر اتفاق کیا، اور 30 گھنٹے بعد مقابلے میں صرف چند لوگ باقی رہ گئے۔

33 گھنٹے اور 9 منٹ کے نشان پر صرف 3 شرکاء مقابلے میں موجود تھے۔ دو منٹ بعد ایک اور باہر ہو گیا۔ باقی دو شرکاء 20 منٹ سے زیادہ ٹکے رہے، اور آخرکار 33 گھنٹے اور 35 منٹ پر ایک نے ہار مان لی، اور دوسرے کو فاتح قرار دیا گیا۔

چینی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ باوٹو سٹی کے لائنگ فلیٹ مقابلے کا فاتح بیت الخلا سے بچنے کے لیے ڈائپر پہن کر آیا تھا، لیکن ایسا بہت سے دوسرے شرکاء نے بھی کیا تھا، اس لیے اسے نااہل نہیں قرار دیا گیا۔ جیتنے والے کو 3000 یوان (420 ڈالر) ملے ، جبکہ دوسرے نمبر والے نے 2000 یوان (280 ڈالر) اور تیسرے نمبر والے نے 1000 یوان (140 ڈالر) حاصل کیے۔

رپورٹس کے مطابق یہ لائنگ فلیٹ مقابلہ چین میں بہت مقبول ہوا، اور 33 گھنٹے اور 35 منٹ تک اس کی لائیو اسٹریمنگ کروڑوں لوگوں نے دیکھی۔

Watch Live Public News