ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئی فون کے بعد اگرسام سنگ کمپنی نے اپنی مصنوعات کی تیاری امریکا میں نہ کی تو اس پر 25 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سام سنگ کو بھی سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صارفین کی خدمت کرنے والی کمپنیوں کوامریکی معیشت میں حصہ لینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یو ایس اسٹیل امریکا ہی میں کام کرے گا، جس سے 70 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور معیشت کو تقریباً 14 ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ “ امریکا فرسٹ” پالیسی کے تحت صنعتی خودکفالت ہماری ترجیح ہے اور بیرونی کمپنیوں کو امریکی مارکیٹ تک رسائی چاہتے ہوئے یہاں سرمایہ کاری بھی کرنا ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کو خبردار کیا تھاکہ اگر کمپنی امریکا میں آئی فون تیار نہیں کرتی تو اسے 25 فیصد درآمدی ٹیرف ادا کرنا پڑے گا، یہ اعلان ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر کیا، جس کے بعد ایپل کے شیئرز میں قبل از مارکیٹ ٹریڈنگ میں 3 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔