ڈونلڈٹرمپ کا تیسری مرتبہ صدارتی الیکشن لڑنے کا عندیہ

ڈونلڈٹرمپ کا تیسری مرتبہ صدارتی الیکشن لڑنے کا عندیہ
کیپشن: ڈونلڈٹرمپ کا تیسری مرتبہ صدارتی الیکشن لڑنے کا عندیہ

ویب ڈیسک: امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیسری مدتِ صدارت کے امکان کا عندیہ دے کر ایک نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کے ریپبلکن اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ"میرا خیال ہے کہ میں دوبارہ صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لوں گا، جب تک آپ  نہ کہیں کہ ہمیں کچھ اور سوچنا چاہیے۔"

ٹرمپ کے اس بیان کو ان کے حامیوں کی جانب سے جوش و خروش سے سراہا گیا، تاہم آئینی ماہرین کے مطابق ایسا کوئی بھی قدم امریکی آئین کی خلاف ورزی ہو گا۔

کیا ٹرمپ 2028 میں دوبارہ الیکشن لڑ سکتے ہیں؟

امریکی آئین کی 22ویں ترمیم کے مطابق کوئی بھی شخص دو بار سے زیادہ صدر منتخب نہیں ہو سکتا۔ یہ قانون سابق صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ کے چار مرتبہ منتخب ہونے کے بعد 1951 میں نافذ کیا گیا تھا۔

22ویں ترمیم کی دفعہ 1 کے مطابق "کوئی شخص دو بار سے زیادہ صدر منتخب نہیں ہو سکتا۔"

آئینی ترمیم منسوخ کرنے کا عمل کتنا مشکل ہے؟

اگر ٹرمپ تیسری بار صدارت کے لیے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، تو انہیں پہلے 22ویں ترمیم کو ختم کروانا ہوگا، جو کہ انتہائی مشکل عمل ہے۔ کیونکہ اس کے لیے

دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔
پھر 50 میں سے 38 ریاستوں کی منظوری بھی ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ تمام مراحل عبور کرنا تقریباً ناممکن ہے۔

اس حوالے سے ایک امریکی آئینی ماہر نے نیوز ویب سائٹ "وُوکس" کو بتایا کہ"نہیں، ایسی کوئی صورت نہیں۔ یہ ان کی آخری صدارتی مہم ہوگی۔"

سیاسی تناظر

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیا گیا بیان اگرچہ رسمی طور پر کسی قانونی قدم کی شکل اختیار نہیں کر سکا، لیکن یہ امریکی سیاست میں ایک نئی بحث کا آغاز ضرور ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے پہلے ہی اس بیان پر شدید ردعمل سامنے آ چکا ہے۔

Watch Live Public News