امریکا نے ایران پرنئی پابندیاں لگادیں

امریکا نے ایران پرنئی پابندیاں لگادیں

(ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خزانہ کےذیلی ادارے نے نئی پابندیاں ایران کے 30 سے زائد افراد، اداروں اور جہازوں پرلگانے کا اعلان کیاہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے 30 سے زائد افراد، اداروں اور بحری جہازوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں اُن عناصر پر عائد کی گئی ہیں جو مبینہ طور پر ایرانی پیٹرولیم کی غیر قانونی فروخت اور اسلحہ سازی کے پروگرام میں معاونت کر رہے تھے۔ خاص طور پر اُن بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو ایران کے مبینہ "شیڈو فلیٹ" کا حصہ سمجھے جاتے ہیں اور ایرانی تیل کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ایران عالمی مالیاتی نظام کو غیر قانونی تیل فروخت کرنے، آمدنی چھپانے اور اپنے جوہری و روایتی ہتھیاروں کے پروگرام کے لیے سازوسامان حاصل کرنے میں استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران پر "زیادہ سے زیادہ دباؤ" کی پالیسی جاری رکھے گی۔

امریکی صدر ڈونڈلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی خبردار کر چکے ہیں کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معاہدہ نہ کیا تو فوجی کارروائی خارج از امکان نہیں ہوگی۔ منگل کو اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں بھی انہوں نے ایران پر "خطرناک جوہری عزائم" رکھنے کا الزام دہرایا۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے محتاط امید کا اظہار کیا ہے۔

Watch Live Public News