(ویب ڈیسک ) ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا کے ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک (IREN) نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نان ٹیکس اسٹیمپڈ سگریٹس کی ریکارڈ رقم ضبط کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی چیف کمشنر جناب فریداللہ جان خان کی سربراہی میں اور ایڈیشنل کمشنر جناب علی صالح حیات کلیار (انچارج IREN) کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے یہ آپریشن 18 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
ٹیم نے موٹر وے (M-2) پر بھیرہ انٹرچینج کے قریب چھ (06) ٹرک پکڑے جن میں کافی برانڈز کے 1,315 کارٹن نان اسٹیمپڈ سگریٹس موجود تھے۔
ضبط شدہ سامان کی مالیت تمام قابلِ وصول ٹیکسز سمیت 11 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ سامان اور گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے آر ٹی او سرگودھا منتقل کر دیا گیا ہے۔