ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی پرچم جلانے والے کو ایک سال قید کی سزا کا حکم دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی پرچم کو کسی بھی شکل میں جلانے یا اس کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی پرچم جلانے کا سلسلہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے، اب جو بھی جھنڈا جلائے گا وہ ایک سال کے لیے جیل جائے گا۔ نہ کوئی ضمانت ہوگی اور نہ کوئی رعایت۔
انہوں نے کہا کہ امریکی پرچم جلانے کو آزادی اظہار نہیں کہا جا سکتا کیونکہ جو بائیڈن کے دور میں واشنگٹن میں جرائم زیادہ ہوئے۔
حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امریکی پرچم کی بے حرمتی کے خلاف قوانین پر سختی سے عمل درآمد کریں اور اس معاملے پر پہلی ترمیم کے دائرہ کار کو واضح کرنے کے لیے قانونی کارروائی کریں۔
دوسری جانب آزادی کے حامی گروپوں نے صدر ٹرمپ کے اقدام پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی اصل خوبصورتی یہ ہے کہ آپ اپنی رائے کا اظہار کرسکتے ہیں، چاہے دوسروں کو یہ ناگوار لگے۔