لاہور ( پبلک نیوز) رمیز راجہ نے پی ایس ایل 7 کی کامیابی کا سہرا تماشائیوں کے سر باندھ دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان کرکٹ کے فینز کو زبردست خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق 27 جنوری سے شروع ہونے والا ٹورنامنٹ 27 فروری کو لاہور قلندرز کی کامیابی پر اختتام پذیر ہوا۔ پی ایس ایل 7 غیر معمولی حد تک کامیاب رہی۔ چئیرمن پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ کراچی اور لاہور دونوں شہروں میں شائقینِ کرکٹ کا بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنا ہے۔ اپنے کیرئیر کے دوران لاہور میں کبھی اتنا زبردست، پرجوش اور جاندار کراؤڈ نہیں دیکھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ شائقین نےصرف ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ایونٹ کی ایچ ڈی پروڈکشن کے ذریعے پاکستانی عوام کی کرکٹ سے پرجوش وابستگی کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ انتھک محنت کرنے پر تمام اسپانسرز، کھلاڑیوں، فرنچائزز، طبی عملے، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز، مقامی اور صوبائی انتظامیہ، کمنٹیٹرز اور براڈکاسٹنگ کے عملے اور گراؤنڈ اسٹاف کا شکریہ۔ دنیا بھر میں موجود کرکٹ فینز نے پی ایس ایل 7 کے سنسنی خیز مناظر براہ راست اپنی ٹیلی ویژن سکرین پر دیکھ کر اسے کامیاب بنایا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس کے منافع کی مد میں 71 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا منافع ہے جس کی وجہ سے ہر فرنچائز نے تقریباً 900 ملین روپے کمائے۔ آئندہ سال لیگ کو تمام فرنچائزز کے ہوم وینیوز پر لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ہوم وینو پر جانے سے کلیگ کے فینز کی تعداد بڑھائی جاسکے گی۔