سعودی عرب کے عسیر ریجن میں عمرہ زائرین کی بس الٹ گئی، 20 افراد جاں بحق

سعودی عرب کے عسیر ریجن میں عمرہ زائرین کی بس الٹ گئی، 20 افراد جاں بحق
سعودی عرب کے شمالی علاقے عسیر میں مسافر بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے سبب 20 عمرہ زائرین جاں بحق اور 29 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں شمالی عسیر کے ’شعار درے‘ میں بس کے حادثے میں 20 عمرہ زائرین جاں بحق اور 29 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ الوطن اور الاخباریہ کا کہنا ہے کہ بس مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو لے کر خمیس مشیط سے مکہ مکرمہ کی طرف جارہی تھی ۔ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے حادثے کے بعد شعار درہ کو بند کردیا ہے اور وہاں سے ٹریفک کے گزرنے کیلئے متبادل راستہ بنا دیا گیا ہے ۔ ہلال احمر اور شہری دفاع کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کی ، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد عسیر کے سینٹرل ہسپتال اور ابہا کے پرائیویٹ ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے ۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ہسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ہیں ۔ متعلقہ حکام حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات بھی کررہے ہیں ۔ الاخباریہ کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ بس میں زیادہ تر غیر ملکی ہی سوار تھے ۔ مگر ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ غیرملکیوں کا تعلق کن ، کن ممالک سے ہے‘۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ’بس ایک کمپنی کی تھی جو کہ عسیر کے ’درہ شعار‘ کے پل کے آخری حصے سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی ‘۔ بس کے بریک سسٹم میں خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا تھا ۔ زخمیو ں کے رشتہ داروں نے بتایا ہے کہ’ حادثہ بس کے ٹکرانے اور خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے ‘۔ ٹریفک پولیس نے ابھی تک حادثے کے بارے میں باقاعدہ طور پر بیان جاری نہیں کیا ہے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔