کینیڈا: انتخابات کے بعد نئی حکومت کیسے تشکیل پائے گی؟

کینیڈا: انتخابات کے بعد نئی حکومت کیسے تشکیل پائے گی؟
کیپشن: کینیڈا: انتخابات کے بعد نئی حکومت کیسے تشکیل پائے گی؟

ویب ڈیسک: کینیڈا میں پیر کو ہونے والے وفاقی انتخابات میں کروڑوں ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جس کا محور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے جانے والے مجوزہ محصولات اور کینیڈا کو 51 ویں ریاست بنانے کی تجویز کے ردعمل پر مرکوز رہا۔

وزیراعظم مارک کارنی، جو مارچ میں جسٹن ٹروڈو کے استعفے کے بعد لبرل پارٹی کی قیادت سنبھال چکے تھے، نے انتخابی عمل کا اعلان کیا تھا۔ ان کے مرکزی حریف کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پولیو تھے۔

کینیڈا کے سرکاری نشریاتی ادارے سی بی سی نیوز کے مطابق، ابتدائی نتائج کی بنیاد پر مارک کارنی کی لبرل پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل ہو چکی ہیں۔

کیا مارک کارنی دوبارہ وزیراعظم بن گئے ہیں؟

چونکہ وہ پہلے ہی وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہیں، اس لیے دوبارہ حلف برداری کی ضرورت نہیں۔ البتہ، اگر وہ کابینہ میں تبدیلی کرنا چاہیں تو اس کے لیے گورنر جنرل کے ساتھ ایک رسمی تقریب منعقد کی جائے گی۔

پارلیمنٹ کے نئے اجلاس میں ارکان حلف اٹھائیں گے اور اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

مارک کارنی کا آئندہ کا لائحہ عمل

مارک کارنی کی اولین ترجیح امریکا کے ساتھ تعلقات کو از سر نو ترتیب دینا ہے۔ مارچ میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے انتخابات کے بعد اقتصادی و سلامتی امور پر مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

توقع کی جا رہی ہے کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے ساتھ ہی حکومت ایسی قانون سازی کا آغاز کرے گی جو ملکی معیشت کو امریکی محصولات کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے۔ اس میں درمیانے طبقے کے لیے ٹیکس میں کمی اور توانائی و کان کنی کے منصوبوں کے لیے تیز تر منظوری کا نیا نظام شامل ہو سکتا ہے۔

اکثریتی یا اتحادی حکومت؟

اگرچہ لبرل پارٹی ایوان زیریں (ہاؤس آف کامنز) میں سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، مگر تاحال یہ واضح نہیں کہ وہ مکمل اکثریت (172 نشستیں) حاصل کر پائے گی یا نہیں۔ موجودہ امکانات کے مطابق، پارٹی کو اتحادی حکومت بنانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، جس کے لیے اسے دیگر جماعتوں سے حمایت حاصل کرنا ہوگی۔

کنزرویٹو پارٹی کی کارکردگی

کنزرویٹو پارٹی نے اس بار ووٹوں کے تناسب میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور الیکشن کینیڈا کے مطابق اب تک 41 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ انہیں 148 نشستوں پر کامیابی ملنے کی توقع ہے، جو 2015 کے بعد سے ان کا بہترین نتیجہ ہے۔

تاہم، ترقی پسند ووٹرز کی اکثریت لبرلز کے گرد جمع ہونے کے باعث وہ حکومت بنانے میں ناکام رہے۔ اب یہ کنزرویٹو پارٹی کے لیے فیصلہ کن مرحلہ ہوگا کہ وہ پیئر پولیو کو بطور قائد برقرار رکھتی ہے یا نئی قیادت کی تلاش کرتی ہے — جو 2015 کے بعد ان کے تیسرے قائد ہیں۔

Watch Live Public News