سال 2026 کیسا رہےگا؟ امریکی تھنک ٹینک نےخطرے کی گھنٹی بجادی

سال 2026 کیسا رہےگا؟ امریکی تھنک ٹینک نےخطرے کی گھنٹی بجادی
کیپشن: سال 2026 کیسا رہےگا؟ امریکی تھنک ٹینک نےخطرے کی گھنٹی بجادی

ویب ڈیسک: امریکی تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز (CFR) کی تازہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دنیا تیزی سے عدم استحکام اور تشدد کی سمت بڑھ رہی ہے، اور 2026 تک کئی خطرناک عالمی تنازعات ابھرنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ صورتحال عالمی امن کے ساتھ ساتھ امریکی قومی سلامتی کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ، یوکرین، پاکستان اور بھارت کی سرحد، افغانستان سمیت مختلف خطوں میں کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں بحران مزید شدت اختیار کرنے اور انسانی المیوں میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کونسل آن فارن ریلیشنز کے ذیلی ادارے سینٹر فار پریوینٹو ایکشن نے امریکی خارجہ پالیسی کے ماہرین کی آرا کی بنیاد پر ممکنہ عالمی تنازعات کو شدت اور اثرات کے لحاظ سے درجہ بند کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سابق ٹرمپ انتظامیہ نے بعض تنازعات، جن میں غزہ، یوکرین، کانگو، بھارت اور پاکستان شامل ہیں، میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، تاہم بعض مواقع پر سخت پالیسیوں اور دباؤ کے باعث حالات مزید پیچیدہ ہو گئے۔ ماہرین نے اس امر پر بھی تنقید کی کہ امن سازی اور تنازعات کی روک تھام سے متعلق اداروں اور ان کی فنڈنگ کو کمزور کیا گیا۔

رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ امریکہ کو اپنی معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ چین کے ریاستی سرمایہ کاری ماڈل اور معاشی حربوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق معاشی سرمایہ کاری اور تکنیکی برتری مستقبل کی عالمی قیادت کے لیے ایک ناگزیر قومی سلامتی کی ضرورت بن چکی ہے۔

پاکستان کے تناظر میں رپورٹ میں کئی ممکنہ سیکیورٹی خدشات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان دوبارہ مسلح تصادم کا امکان موجود ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسند سرگرمیاں اور سخت سیکیورٹی اقدامات شامل ہیں۔ اسی طرح افغانستان اور پاکستان کے درمیان بھی سرحد پار شدت پسند حملوں کے دوبارہ آغاز کے باعث کشیدگی اور ممکنہ جھڑپوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو سب سے زیادہ خطرات اس لیے لاحق ہیں کیونکہ اس کے دنیا بھر میں متعدد اتحادی اور سیکیورٹی ذمہ داریاں ہیں۔ سب سے زیادہ تشویشناک تنازعات میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان غزہ اور مغربی کنارے کی جھڑپیں، روس اور یوکرین کی جنگ میں ممکنہ شدت، وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کا خدشہ، اور خود امریکہ کے اندر بڑھتا ہوا سیاسی تصادم شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگ، چین کی جانب سے تائیوان پر دباؤ، روس اور نیٹو کے درمیان ٹکراؤ، اور شمالی کوریا کے جوہری تجربات کو بھی عالمی سطح پر سنگین خطرات قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں عالمی قیادت پر زور دیا گیا ہے کہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے اور عالمی امن کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Watch Live Public News