روزانہ 10 ہزار کیلوریز کھانے والا روسی فٹنس اِنفلوئینسر جان کی بازی ہار گیا

روزانہ 10 ہزار کیلوریز کھانے والا روسی فٹنس اِنفلوئینسر جان کی بازی ہار گیا

(ویب ڈیسک )ایک روسی فٹنس اِنفلوئینسر اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب وہ ایک انتہائی چیلنج کے تحت تیزی سے 50 پاؤنڈ وزن بڑھانے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ بعد میں اپنے وزن کم کرنے کی روٹین کی مؤثریت ثابت کر سکے۔

روس کے شہر اورینبرگ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ دمتری نیانزِن نے کم از کم 25 کلوگرام وزن بڑھانے کا ہدف رکھا تھا۔ اس مقصد کے لیے وہ کئی ہفتوں تک روزانہ تقریباً 10 ہزار کیلوریز جنک فوڈ  کھا رہا تھا۔ان کے کھانے کی روٹین میں پیسٹریاں، کیک، مایونیز میں ڈوبے ہوئے ڈمپلنگز، برگر، پیزا اور چپس جیسے ہائی کیلوری اسنیکس شامل تھے۔

ایک ماہ میں ان کا وزن 13 کلوگرام بڑھ کر 105 کلوگرام تک پہنچ گیا۔ 18 نومبر کو انہوں نے اپنی آخری انسٹاگرام پوسٹ میں یہ پیش رفت شیئر کی، جہاں وہ چپس کھاتے ہوئے اپنے مداحوں کو اپنی تکلیف کے بارے میں بتا رہے تھے۔ تاہم کسی نے بھی یہ نہیں سوچا تھا کہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔

اپنی موت سے ایک روز قبل انہوں نے کوچنگ سیشن منسوخ کیے اور دوستوں کو بتایا کہ وہ بیمار محسوس کر رہے ہیں اور ڈاکٹر کو دکھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ لیکن وہ ایسا نہ کر سکے اور چند گھنٹے بعد رات کی نیند میں ہارٹ فیلیئر(دل کی خرابی) کی وجہ سے انتقال کر گئے۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ دمتری بظاہر صحت مند نظر آتے تھے، مگر کئی ہفتوں تک روزانہ ضرورت سے کئی گنا زیادہ خوراک لینے سے ان کے اندرونی اعضا، خصوصاً دل، پر شدید دباؤ پڑا۔

نیوٹریشن ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کو چار سے چھ گنا زائد کیلوریز ہضم کرنے پر مجبور کرنا طویل عرصے تک نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایلیٹ ایتھلیٹس بھی بمشکل ہی روزانہ 5 ہزار کیلوریز سے زائد لیتے ہیں۔

کلینیکل نیوٹریشنسٹ وانی کرشنا کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ خوراک سے خون میں شوگر اور کولیسٹرول خطرناک حد تک بڑھ جاتے ہیں، بلڈ پریشر اوپر جاتا ہے اور دل کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔ اس سے دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی، معدے کی تکلیف، پانی کی کمی اور انسولین میں شدید اتار چڑھاؤ پیدا ہو سکتا ہے۔

سرٹیفائیڈ نیوٹریشنسٹ پریتی تیاغی نے کہا کہ 10 ہزار کیلوریز کا جنک فوڈ کسی صحت مند شخص کو فوراً نہیں مارتا، مگر یہ نمک، چکنائی اور خوراک کی مقدار کے شدید دباؤ کی وجہ سے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ سوڈیم ٹاکسِسٹی، بلند فشارِ خون، دل کی بے ترتیبی، دم گھٹنے یا اچانک پینکریاٹائٹس کا سبب بن سکتا ہے۔

دمتری کی موت نے ان کے چاہنے والوں کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ ماہرین امید کرتے ہیں کہ یہ واقعہ ان لوگوں کے لیے سبق بنے گا جو خطرناک چیلنجز کے ذریعے اپنی صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

Watch Live Public News