ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست بہار کے ضلع بوذ گوا میں شادی کی خوشی ایک المناک واقعے میں بدل گئی جب دلہا اور دلہن کے خاندانوں کے درمیان رس گلے ( مٹھائی)کی کمی پر شدید جھگڑا ہوا۔
شادی ہال میں نصب کیمرے میں اس واقعہ کی ویڈیو محفوظ ہوگئی جو بعد میں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے،
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 30 نومبر کو پیش آیا جب دونوں خاندان شادی کی تقریبات میں مصروف تھے۔ ابتدائی رسومات مکمل ہونے کے بعد دلہا اور دلہن منڈپ کی طرف جا رہے تھے جہاں وہ سات پھیرے لینے والے تھے۔
منڈپ میں اچانک رس گلے ( مٹھائی) کی کمی پر دونوں خاندانوں میں بحث شروع ہوئی جو کچھ ہی دیر میں لڑائی جھگڑے میں بدل گئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر مکے، تھپڑ مارنے کےساتھ ساتھ کرسیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی ہال میدان جنگ میں بدلا ہوا اور افراتفری پھیلی ہوئی ہے, صورت حال اس قدر سنگین ہوگئی کہ اس شادی کو منسوخ کردیا گیا.
میڈیا رپورٹ کے مطابق جھگڑے کے بعد دلہن کے خاندان نے دلہے اور اس کے خاندان پر مقدمہ درج کروا دیا ہے، پولیس نے اس واقعے پر کوئی تاحال بیان جاری نہیں کیا۔