ویب ڈیسک: بیلجیئم کے 26 سالہ کار فروش کلیمون وانڈن کرک ہوف کو شہزادہ لوراں کا حیاتیاتی بیٹا تسلیم کیے جانے کے بعد قانونی طور پر شاہی خاندان کا فرد قرار دے دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کلیمون اگست 2000 میں بیلجیئم کی گلوکارہ وینڈی فان وانٹن کے ہاں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ نے انہیں 16 سال کی عمر تک والد کی شناخت نہیں بتائی۔
بعد ازاں کلیمون نے شہزادہ لوراں سے رابطہ کیا، جنہوں نے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کی۔ ٹیسٹ میں شہزادہ لوراں کے ان کے حیاتیاتی والد ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 6 ماہ قبل دونوں نے ٹاؤن ہال میں ایک سادہ تقریب کے دوران اپنے رشتے کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے بعد شہزادہ لوراں نے سول رجسٹری میں بھی کلیمون کی ولدیت تسلیم کرلی۔
قانونی شناخت کے بعد کلیمون کو شہزادہ لوراں کی نجی جائیداد میں اپنے تین سوتیلے بہن بھائیوں کے برابر وراثتی حقوق حاصل ہوگئے ہیں۔
تاہم کلیمون کو شاہی وظیفہ نہیں ملے گا، وہ شاہی خاندان کی جانب سے سرکاری فرائض انجام نہیں دیں گے اور انہیں بیلجیئم کے تخت کی جانشینی کا بھی کوئی حق حاصل نہیں ہوگا۔