امریکی صدر ٹرمپ کی موت کی افواہوں کا خاتمہ، تازہ تصاویر سامنے آ گئیں

امریکی صدر ٹرمپ کی موت کی افواہوں کا خاتمہ، تازہ تصاویر سامنے آ گئیں

(ویب ڈیسک ) سوشل میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتقال سے متعلق گردش کرتی افواہیں اس وقت دم توڑ گئیں جب ان کی تازہ تصاویر منظر عام پر آ گئیں۔  

30 اگست 2025 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر #TrumpIsDead ٹرینڈ کرنے لگا، جس نے ان کے مداحوں کو الجھن میں ڈال دیا۔ افواہوں کو تقویت اس بات سے ملی کہ ٹرمپ کچھ روز سے عوامی سطح پر سرگرم نظر نہیں آئے تھے، نہ ہی انہوں نے کوئی پریس بریفنگ دی تھی۔

صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہوئی جب وائٹ ہاؤس کی لائیو اسٹریم میں ایک تکنیکی خلل آیا اور عارضی پیغام نمودار ہوا: "ہم جلد واپس آ رہے ہیں"۔ اس مختصر پیغام نے قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دے دی۔

اس دوران نائب صدر جے ڈی وینس کا ایک بیان بھی سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی عدم موجودگی کی صورت میں ذمہ داری سنبھالنے کو تیار ہیں۔ اس بیان نے بھی افواہوں کو تقویت دی۔

تاہم ہفتے کی صبح منظرنامہ یکسر بدل گیا، جب ٹرمپ کی تصاویر سامنے آئیں جن میں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ گالف کھیلتے دکھائی دیے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی ان کی صحت سے متعلق کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا گیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ کی موت کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔ 2022 میں بھی ایسی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر چکی ہیں۔

Watch Live Public News