پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا

پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا

(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن نے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔

جاری شیڈول میں کہا گیا ہے کہ   پاکستان تحریک انصاف کے تمام رجسٹرد ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں،  پارٹی ممبران اپنا ووٹ 'رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول'کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔

شیڈول کے مطابق  31 جنوری 2024 تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی،   انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی۔الیکشن کے تفصیلی طریقہ کار کی وضاحت الیکشن رولز، 2020 میں موجود ہے جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے۔

شیڈول میں کہا گیا ہے کہ  پولنگ کا وقت 5 فروری بروز پیر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا ،  الیکشن کے مقامات اور اپیلٹ ٹرائبینونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری 2024 کو کیا جائے گا ،  کاغذات نامزدگی 1 سے 2 فروری 2024 تک تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے۔

کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔

شیڈول کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل 3 فروری 2024 کو ہو گا،  کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری 2024 رات 10 بجے تک ہوگا۔

شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویبسائٹ پر شائع کی جائیں گی،   انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری 2024 بروز منگل کیا جائے گا۔