ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد سفارتی حل تک پہنچنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، “اب صورتحال ایک دن پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مختلف ہے کیونکہ انہیں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔”
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کا ردعمل توقع سے کم رہا۔ ان کے بقول، “ہم سمجھ رہے تھے کہ ردعمل اس سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔”
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تہران سمیت مختلف ایرانی شہروں پر میزائل حملے کیے تھے، جن میں 200 سے زائد افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ حملوں کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔