(ویب ڈیسک ) حکومت سندھ نے امریکی قونصل خانے میں مظاہرین کے داخلے ، تصادم میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مظاہرین نے امریکن قونصل خانے کے بیرونی سیکیورٹی حصار کو عبور کرتے ہوئے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔افسوسناک صورتحال میں چھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
حکومت سندھ نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے ، جے آئی ٹی اس امر کا تعین کرے گی کہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا، اس کے اسباب کیا تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت شہریوں کے جمہوری اور آئینی حق احتجاج کا احترام کرتی ہے، پرامن ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ ، تشد د یا قانون ہاتھ میں لینا مناسب عمل نہیں،،شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار صرف پُر امن اور قانونی طریقے سے کریں ، جے آئی ٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ واقعہ کس طرح پیش آیا، محرکات کیا تھے اور ذمہ دار کون ہے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت حالات کو کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہے،، تمام شہریوں کو پُر امن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق حاصل ہے،، قانون کو کسی بھی صورت ہاتھ میں نہ لیا جائے۔