عمران خان کےرجیم چینج الزامات میں کوئی صداقت نہیں،امریکانےکسی سازش سے تحریک انصاف کی حکومت گرانےکا دعویٰ ایک بار پھر مسترد کردیا. ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے واشنگٹن میں بریفینگ دیتے ہوئے سازش کے ذریعے عمران خان کی حکومت گرانے کے دعویٰ کے سوال پر جواب میں کہا کہ غلط اور جھوٹی اطلاعات کے جواب میں درست معلومات دے سکتے ہیں۔ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا یا غلط اطلاعات کو دوطرفہ تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دیں گے ۔ جانتے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی، پرامن آئینی و جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں، ایسے مسائل پر تمام پارٹنرز کے ساتھ بات چیت رہتی ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کی قدر کرتے ہیں اور خوشحال پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں دوحہ میں طالبان کے ساتھ دوبارہ بات چیت ہوئی تھی جس میں امریکی تحفظات کے بارے میں انہیں بتایا۔