ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے۔ تمام ممالک کو اس کے خاتمے کیلئے مل کر کوشش کرنی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیانجن میں موجودگی میرے لیے باعث فخر ہے۔ تیانجن چین کی بنیادی قدروں کی نمائندگی، تہذیبوں اور ثقافتوں کیلئے پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ تیانجن میں اسی جذبے کی تجدید کیلئے جمع ہوئے جسے چین نے عملی شکل دی۔
انہوں نے کہا کہ شاندار میزبانی اور بھرپور انتظامات پر صدر اور حکومت چین کا شکرگزار ہوں۔ ازبکستان اور کرغزستان کو ان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ایس سی او علاقائی تعاون و انضمام کے فروغ کیلئے پاکستان کے دیرپا عزم کی عکاسی ہے۔ چین کی کامیابی صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت کی عکاس ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، ہم تمام عالمی اور دوطرفہ تعلقات کا احترام کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ ممالک نے دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے، دنیا اب ان کے بیانیے پر یقین نہیں کرتی۔ ہمارے پاس جعفر ایکسپریس پر حملے میں غیر ملکی ہاتھ کے ناقابل تردید ثبوت ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے ہمارا اربوں ڈالر کا نقصان ہوا اور ہم نے 90 ہزار سے زائد قیمتی جانیں بھی قربان کی ہیں۔