الیکشن کمیشن نےخیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے

الیکشن کمیشن نےخیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے
کیپشن: الیکشن کمیشن نےخیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی درخواست پر سینیٹ انتخابات ملتوی کردیئے، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق   پارلیمنٹ کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کی 30 خالی نشستوں پر انتخابات کیلئے قومی، پنجاب، اور سندھ اسمبلی میں پولنگ جاری ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں صورتحال اگر مگر کا شکار تھی۔

خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت صبح 9 بجے سینٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہ ہوسکی جبکہ سینٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل تھے اور الیکشن عملہ بھی موجود تھا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کیلئے درخواست جمع کرائی تھی ۔

انتخابات ملتوی کروانے کی درخواست اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا، لہذا الیکشن ملتوی کیا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرلیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی صوبائی اسمبلی پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے سینیٹ انتخابات سے متعلق ارکان سے مشاورت کی۔

الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی درخواست پر انتخابات ملتوی کردیئے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کے حلف سے مشروط کرچکا ہے۔