مودی کی گیدڑبھبھکی، پاکستان کو براہموس میزائل حملے کی دھمکی

مودی کی گیدڑبھبھکی، پاکستان کو براہموس میزائل حملے کی دھمکی
کیپشن: مودی کی گیدڑبھبھکی، پاکستان کو براہموس میزائل حملے کی دھمکی

ویب ڈیسک: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کرتے ہوئے براہموس میزائل حملے کی دھمکی دے دی۔ اتر پردیش کے شہر وارانسی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اگر پاکستان نے دوبارہ "کوئی غلطی" کی تو یوپی میں تیار کیے جانے والے میزائل دہشتگردوں کو نشانہ بنائیں گے۔

مودی نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ براہموس میزائل اب لکھنؤ میں تیار ہوں گے اور پاکستان میں صرف ان کا نام سن کر ہی " نیندیں حرام ہو جاتی ہیں"۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کو حالیہ جنگ میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور عالمی سطح پر بھی تنقید کی زد میں آیا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، مودی کا یہ بیان داخلی سیاسی دباؤ سے توجہ ہٹانے اور عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔ بھارت میں انتخابات کے قریب آتے ہی ایسے بیانات عام ہو جاتے ہیں، تاکہ شدت پسند بیانیے کے ذریعے ووٹرز کو متحرک کیا جا سکے۔

پاکستان کی جانب سے تاحال اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں بھی اس طرح کی دھمکیوں کو غیر سنجیدہ اور انتخابی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ تنازع کا آغاز بھارت کے نام نہاد "آپریشن سندور" سے ہوا، جو پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر شروع کیا گیا۔ پاکستان نے اس کا بھرپور جواب "آپریشن بنیان مرصوص" کے ذریعے دیا، جس کے دوران بھارتی فضائیہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق بھارت نہ صرف اپنے جدید رافیل طیاروں سے محروم ہوا، بلکہ متعدد ایئر بیسز پر بھی شدید تباہی ہوئی۔

خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے باعث بین الاقوامی حلقے ایک بار پھر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام برقرار رکھنے پر زور دے رہے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اشتعال انگیز بیانات کی بجائے دونوں ممالک کو سفارتی چینلز کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

Watch Live Public News