ویب ڈیسک: تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلے کے بعد اراکین کی ممکنہ وفاداریوں میں تبدیلی کے پیشِ نظر اسمبلی اراکین سے دوبارہ حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے، جس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین کو شرکت کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اجلاس میں نہ صرف مخصوص نشستوں کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی بلکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 35 آزاد ارکان سے دوسری جماعت میں شامل نہ ہونے کا تحریری حلف بھی لیے جانے کا امکان ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے بعد متوقع سیاسی تحریک کے حوالے سے بھی حکمت عملی زیر غور آئے گی۔
پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک عدیل نے اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا کہ ہم بانی چیئرمین کے وفادار ہیں اور پہلے ہی حلف نامے جمع کرا چکے ہیں۔
ادھر پی ٹی آئی رہنما ملک عامر ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے نقصانات اب تک بھگت رہے ہیں، دو صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنا پارٹی کی بڑی سیاسی غلطی ثابت ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب کوئی رکن اسمبلی چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ مخصوص نشستوں کے حالیہ عدالتی فیصلے کے باوجود پارٹی قومی اسمبلی کے فورم سے ہی اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔