ویب ڈیسک: امریکا میں ایران پر ممکنہ امریکی حملوں کے حوالے سے عوامی رائے سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق اکثریت ان کارروائیوں کی حمایت میں نہیں ہے۔
ایپسوس کے تازہ سروے کے مطابق صرف 27 فیصد امریکی شہریوں نے ایران پر حملوں کی حمایت کی، جبکہ 43 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔ 29 فیصد افراد نے اس معاملے پر کوئی واضح رائے دینے سے گریز کیا۔
سروے کے نتائج سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ حملوں کے تناظر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 56 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ ٹرمپ بیرونِ ملک امریکی فوج کے استعمال کے لیے حد سے زیادہ آمادہ رہتے ہیں۔ اس مؤقف کی تائید 87 فیصد ڈیموکریٹس، 60 فیصد آزاد ووٹرز اور 23 فیصد ری پبلکنز نے بھی کی۔
سروے کے مطابق 55 فیصد ری پبلکن ووٹرز ایران پر حملوں کے حامی ہیں جبکہ 13 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔ دوسری جانب 44 فیصد آزاد ووٹرز کا کہنا ہے کہ اگر جنگ کے نتیجے میں تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو وہ اس کی حمایت نہیں کریں گے۔
یہ آن لائن سروے مجموعی طور پر 12 ہزار 82 افراد سے کیا گیا، جس میں غلطی کا امکان 3 فیصد بتایا گیا ہے۔