ویب ڈیسک: ایران میں ہفتے سے جاری امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اموات کی تعداد 555 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایرانی ہلال احمر کے مطابق حملوں میں ملک کے 131 شہروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث شہری علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے خیبر شکن میزائلوں کے استعمال کی تصدیق کی ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (انقلابی گارڈز) کا کہنا ہے کہ حیفہ میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ تل ابیب میں سرکاری عمارتوں پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایرانی فوج نے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا دعویٰ کیا ہے، تاہم امریکی حکام نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔
ایرانی فوج کے مطابق ایران کے جوابی حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کویت اور بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تین امریکی اور برطانوی آئل ٹینکروں پر بھی حملے کیے گئے، جو مبینہ طور پر خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں آگ کی لپیٹ میں ہیں۔
ایرانی میڈیا نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یوایس ایس ابراہم لنکن کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور امریکی بحری بیڑے پر چار میزائل فائر کیے گئے۔