لاہور: ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت سے زخمی موٹرسائیکل سوار  دم توڑ گیا

لاہور: ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت سے زخمی موٹرسائیکل سوار  دم توڑ گیا
کیپشن: لاہور: ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت سے زخمی موٹرسائیکل سوار  دم توڑ گیا

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے شادمان میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت سے حادثے میں زخمی ہونے والا موٹرسائیکل سوار پانچ روز زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک پولیس اسسٹنٹ سلطان الحق نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کی۔ ٹریفک اسسٹنٹ کے سڑک کے درمیان آنے کے دوران موٹرسائیکل سوار اس سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے۔

سلطان الحق کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، جبکہ موٹرسائیکل سوار کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ پانچ روز بعد جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص ساندہ کا رہائشی تھا اور بظاہر چالان سے بچنے کے لیے رکنے کے اشارے کے باوجود موٹرسائیکل تیزی سے نکالنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار کے خلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب جاں بحق شہری کی والدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بیٹے کو روکنے کے دوران ٹریفک وارڈن نے اسے بازو سے کھینچا، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ اہلخانہ نے ٹریفک پولیس اسسٹنٹ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواستیں بھی دی ہیں، تاہم ان پر تاحال کارروائی نہیں ہوئی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کسی گاڑی یا موٹرسائیکل کو روکنے کے لیے اہلکار کو محفوظ فاصلے سے سڑک کے کنارے رکنے کا اشارہ کرنا ہوتا ہے۔ اگر شہری رکنے کے اشارے پر عمل نہ کرے تو اس کا نمبر نوٹ کرکے وائرلیس اور سیف سٹیز اتھارٹی کے ذریعے متعلقہ گاڑی کو ٹریک کیا جاتا ہے۔

واقعے نے ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو روکنے کے طریقہ کار اور متعلقہ ایس او پیز پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

Watch Live Public News